Saturday, 27 April 2024, 03:40:34 am
صدر کا بڑے آبی ذخائر کی تعمیر اور آبی وسائل کے بہتر انتظام کی ضرورت پرزور
October 19, 2018

صدر عارف علوی نے بڑے آبی ذخائر کی تعمیر اور آبی وسائل کے تحفظ اور بہتر انتظام کی ضرورت پرزور دیا ہے تاکہ موجودہ آبی بحران پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے ''پانی کے لحاظ سے محفوظ پاکستان''کے عنوان سے جمعے کی سہ پہر اسلام آباد میں دو روزہ بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قدرت ہم پربہت مہربان ہے اور اس نے ہمیں پانی سمیت ہر طرح کے قدرتی وسائل عطا کئے تاہم گزشتہ کئی سال کے دوران بڑھتی ہوئی آبادی اور مزید آبی ذخائر تعمیر نہ کرنے سے پانی کے موجودہ ذخائر پر دباؤ شدید ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ آبی قلت صوبوں اور ملکوں کے درمیان تنازعات کی صورت اختیار کر سکتی ہے۔

صدر نے کہا کہ چولستان کے بیس لاکھ قحط زدہ رہائشی اس مسئلے کی شدت کی واضح مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تھرپارکر کی صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر پانی کی دستیابی کے لئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پن بجلی پیداوار کی بڑی صلاحیت کا حامل ہے اور نیپرا کے مطابق پاکستان چالیس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر سکتا ہے۔

صدر نے کہا کہ صاف اور سرسبز پاکستان اور دس ارب درختوں کی سونامی مہم قدرتی وسائل کے تحفظ کی جانب درست اقدامات ہیں۔

آبی تحفظ کے لئے اقدامات کے علاوہ صدر نے کہا کہ پانی کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر نظرثانی کی ضرورت ہے تاکہ اس اہم نعمت کے ضیاع کی روک تھام کر کے اس کا بہتر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ قطراتی نظام آبپاشی متعارف کروا کر زرعی طریقہ کار بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

صدر نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کے طریقوں کو سکول کے نصاب کا حصہ بنانا چاہئے تاکہ بچے کم عمری سے ہی پانی کی قدر کرنا سیکھیں۔

صدر نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے کہا کہ اس معاہدے میں بھارت کی طرف سے اس کے ڈیموں کے لئے پانی کے استعمال سے پاکستان کے حصے کے پانی میں کمی کے مسئلے کا کوئی حل نہیں اور بھارت کے ساتھ سندھ طاس معاہدے پر بات چیت بھی ناگزیر ہے۔

صدر نے کہا کہ کراچی کی آبادی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پورا کرنے کی غرض سے پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے پانی کی کمی کا مسئلہ اجاگر کرنے اور اس مقصد کے لئے فنڈ قائم کرنے کے اقدام پر چیف جسٹس کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اس ماہ کی سترہ تاریخ تک فنڈ میں چھ ارب چالیس کروڑ روپے جمع ہو چکے ہیں اور پاکستان کے عوام او ربیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے اس قومی مقصد میں بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔

صدر نے قوم پر زور دیا کہ وہ پانی کے تحفظ اور قومی آبی پالیسی پر عملدرآمد میں فعال کردارادا کرے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.