Friday, 26 April 2024, 11:52:51 pm
حکومت معیشت کی بحالی کیلئے اصلاحات متعارف کرائے گی:وزیراعظم
December 18, 2018

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور برآمدکنندگان کو سہولیات کی فراہمی کے لئے کام کررہی ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کی فیڈریشن کی بیالیسویں تقسیم ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت معیشت کی بحالی اور مقامی صنعت کے فروغ کیلئے اصلاحات متعارف کرائے گی۔انہوں نے کہاکہ چھوٹے اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کی بہتری کی راہ میں حائل کاروباری رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے وزیراعظم آفس میں خصوصی دفاترقائم کرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ کاروباری سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات نمٹائے جاسکیں۔انہوں نے تاجربرادری کی رائے اورحکومتی پالیسیوں کے اثرات معلوم کرنے کے لئے تاجروں سے متواترروابط قائم رکھنے کے حکومتی عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ برآمدی صنعت کی سہولت کیلئے پہلے ہی کئی اقدامات کئے جاچکے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں خوشحالی تجارت اور صنعت کے ذریعے ہی آئے گی۔عمران خان نے کہاکہ چوبیس ارب ڈالرز کی ملکی برآمدات ہماری آبادی اورمعیشت کے حجم کے اعتبار سے کافی کم ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ پہلی بار ٹیکس کے نظام میں اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ٹیکس وصولی اور ٹیکس پالیسی کے شعبوں کو الگ الگ کیاگیاہے۔

دریں اثناء وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کاشتکاروں کوجدیدطریقے اور رجحانات اختیار کرنے میں تعاون کی فراہمی سے متعلق حکومتی ترجیحات کااعادہ کیاہے۔انہوں نے قومی تحفظ خوراک کے وزیرکی قیادت میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی منظوری دی تاکہ بیجوں کی رجسٹریشن کے موجودہ اداروں میں بہتری لانے کے لئے اُن کی تشکیل نوکی جائے۔اجلاس میں ملک میں کپاس کے شعبے کو درپیش مسائل اور زرعی شعبے کی بہتری کے طریقوں کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم نے جینیاتی طورپر تیار کی جانے والی فصلوں کامعیارجانچنے کے موجودہ قوانین کاجائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ انہیں مزید موثربنایاجاسکے۔انہوں نے بیجوں کی رجسٹریشن کے تحقیقی مراکز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ان کی تشکیل نو کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔اجلاس میں انہیں بتایا گیا کہ کپاس پاکستان کی دوسری بڑی فصل ہے جسے چھیاسٹھ لاکھ ساٹھ ہزارایکڑ اراضی پرکاشت کیاجاتاہے۔دنیا میں کپاس پیدا کرنے والا چوتھابڑاملک ہونے کے باوجود پاکستان ابھی تک ایک ارب بیس کروڑ ڈالر مالیت کی خام کپاس درآمدکررہاہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں گوجرانوالہ اورفیصل آباد ڈویژنوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں عوام کی حقیقی سماجی بہبود، خوشحالی اوراقتصادی ترقی پرتوجہ مرکوزکررہی ہے۔وزیراعظم نے منتخب عوامی نمائندوں کوسماجی بہبود کے منصوبوں پرعملدرآمدیقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.