Saturday, 27 April 2024, 06:56:26 am
حکومت نےدرآمدات میں کمی کیلئےدرآمدی ڈیوٹیزمیں اضافہ کردیاہے:مشیرتجارت
November 16, 2018

سینٹ کو آج بتایا گیا کہ حکومت نے درآمدات میں کمی کیلئے درآمدی ڈیوٹیز میں اضافہ کردیا ہے۔ مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ ملکی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لئے متبادل درآمدی پالیسی کا اجرا بھی کردیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری شعبے کی مدد اور اسے مضبوط بنانے کے لئے خام مال پر ڈیوٹی کم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تیل کی درآمد کا نعم البدل ایک طویل مدتی پالیسی ہے انہوں نے کہا کہ پچھلے برسوں میں ملک میں تیل صاف کرنے کی گنجائش میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے تیار پیٹرولیم مصنوعات بھی درآمد کی جارہی ہیں، انہوں نے کہاکہ ایک بار تیل صاف کرنے کی استعداد میں بہتری کے بعد صورتحال یکسر تبدیل ہوجائے گی۔موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت زرتاج گل نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے ملک بھر میں بلین ٹری سونامی منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لئے ایک منصوبہ شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران 10 ارب درخت لگانا حکومت کا ہدف ہے، وزیر مملکت نے کہا کہ صوبوں سے کہاگیا ہے کہ وہ اپنے اہداف کے تعین اور درخت لگانے کے ریکارڈ کے حوالے سے پی سی ون تیار کریں۔ زرتاج گل نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ کراچی، فیصل آباد، لاہور اور بعض دوسرے اہم شہروں میں آلودگی کی شرح کا جائزہ لے رہا ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صنوبر کے درخت صوبے کا اہم اثاثہ ہیں اور سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت صنوبر کے مزید درخت لگائے جائیں گے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.