Saturday, 27 April 2024, 05:46:13 am
وزیراعظم کافرانس کے ساتھ تعلقات مزیدمضبوط بنانے پرزور
September 14, 2018

وزیراعظم عمران خان نے فرانس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو باہمی طورپرمفید،کثیرجہتی اور طویل مدت شراکت داری میں تبدیل کرکے مزیدمضبوط بنانے پرزوردیاہے۔وہ فرانس کے صدرایمانیول میکخواں سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے وزیراعظم کوٹیلی فون کیا اور انتخابات میں ان کی پارٹی کی کامیابی اوروزارت عظمیٰ کاعہدہ سنبھالنے پرانہیں مبارکباد دی۔وزیراعظم نے پاکستان میں بڑی تعدادمیں فرانسیسی کمپنیوں کی موجودگی کو سراہتے ہوئے فرانس کی مزید کمپنیوں کوملک میں سرمایہ کاری کرنے کی پیشکش کی۔وزیراعظم نے فرانس کے صدر کو علاقائی صورتحال خصوصاً افغان تنازع کے پُرامن حل کی اہمیت اوربھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے بارے میں بھی بتایا۔انہوں نے تنازعہ جموں وکشمیرسمیت تمام دیرینہ مسائل کے حل کے لئے بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات پھر شروع کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔انہوں نے بڑے پیمانے پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاسامنا کرنے والے کشمیریوں کی مشکلات کاحوالہ دیا اور عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ کشمیری عوام کی مشکلات میں کمی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔وزیراعظم عمران خان نے صدرمیکخواں کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے فرانسیسی رہنمانے قبول کرلیا۔فرانس کے صدر نے پاکستان کے ساتھ توانائی ،آبی وسائل کے انتظام ،تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور عالمی سطح پرباہمی دلچسپی کے امورپرملکر کام کرنے کی خواہش کااظہار کیا۔صدرمیکخواں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس ناسور سے نمٹنے میں اس کی جانب سے اد ا کی جانے والی بھاری قیمت کااعتراف کیا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.