Friday, 26 April 2024, 03:59:31 pm
ریڈیو پاکستان وسیع رسائی کا حامل عام آدمی تک معلومات کی فراہمی کا ذریعہ ہے،وزیر اطلاعات
September 14, 2018

اطلا عات و نشریات کے وزیر فواد چوہدری نے جمعے کے روز اسلام آباد میں پاکستان براڈ کاسٹنگ اکیڈمی کا دورہ کیا۔

انہوں نے اکیڈمی کے مختلف شعبے دیکھے، ریڈیوپاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے شعبے کے ڈائریکٹر جاوید خان جدون نے انہیں اکیڈمی کے کام سے متعلق بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر نے حکومت کی شجر کاری مہم کے سلسلے میںانھیں اکیڈمی کے سبزہ زار میں ایک پودا لگایا۔

ریڈیو کے میوزیم کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے وہاں رکھے گئے آلات خصوصاً اس مائیک میں دلچسپی کا اظہار کیا جو قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے اعلان کے لئے استعمال کیا تھا۔

وزیر اطلاعات اکیڈمی کے احاطے میں قائم چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل دوستی چینل کے سٹوڈیوز میں بھی گئے۔

اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت وسیع رسائی کے حامل ریڈیوپاکستان کی اہمیت سے آگاہ ہے اوروہ ادارے کو مضبوط بنائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا پاکستان کی ترقی میں کلیدی کردار ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت اقتصادی راہداری کے تحت 28 ارب ڈالر مالیت کے منصوبوں پر عملدرآمد کیاجارہا ہے اور بیالیس ارب ڈالر مالیت کے منصوبے ابھی مکمل ہونا باقی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے درمیان گہری دوستی کی مظہر ہے ۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کے مستقبل کیلئے سرمایہ کاری کررہی ہے اوراس مقصد کیلئے ان کے ہاتھ مضبوط کریں۔

انہوں نے کہاکہ نوجوانوں نے تحریک انصاف کی کامیابی میں اہم کردارادا کیا ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.