Friday, 26 April 2024, 05:10:51 pm
مقبوضہ کشمیر بارے بھارت کے یکطرفہ اقدامات شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے،صدر
August 14, 2019

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد میں ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ رہنے کے حوالے سے پاکستان کےعزم کااعادہ کیاہے۔

وہ پاکستان کے 73 ویں یوم آزادی کے حوالے سے آج (بدھ) جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔

 صدر نے کہا کہ کشمیری اور پاکستانی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں ان کی مشکلات اور مصائب ہمارے لئے تکلیف کا باعث ہیں۔

 انہوں نےکہاکہ کشمیر کے بارے میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات کے فوری بعد حکومت پاکستان نے بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت معطل کردی۔ سفارتی تعلقات محدود کردیے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ شملہ معاہدے کوبھی ردی کی ٹوکری کی نذر کردیا ، کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنےکا بھارتی اقدام شملہ معاہدے کے منافی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ نو لاکھ فوج کی تعیناتی سے کشمیر دنیا کا ایسا علاقہ بن گیاہے جہاں سب سے زیادہ فوج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواصلاتی ذرائع اور آزادی اظہار رائے پر قدغن کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

صدر نے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ظالمانہ رویہ ترک کرے، مقبوضہ علاقے کےلوگوں کو مواصلاتی رسائی دے اور ان کی شہری اور سماجی آزادی بحال کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کنٹرول لائن کے ساتھ شہری آبادیوں پر فائرنگ اور گولہ باری کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور وہ کشمیر کے مسئلے کا مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل چاہتا ہے تاہم بھارت امن کی پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔

صدر نے قوم سے یہ بھی کہا کہ وہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کےخلاف کئے گئے گھناونے جرائم کو بے نقاب کرنے کےلئے سوشل میڈیا کا بھرپور استعمال کریں۔

 اس سے پہلے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جوتقریب کے مہمان خصوصی تھے پرچم کشائی کی۔

 زیر حراست حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کشمیر کے حوالے سے اپنی خوبصورت نظم پڑھ کر سنائی۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.