Friday, 27 December 2024, 02:52:25 am
 
وزیراعظم کی بجلی نرخوں میں مزید کمی کی ہدایت
December 13, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی کے نرخوں میں مزید کمی کرنے کے علاوہ بجلی پیدا کرنے کی حکمت عملی پر عملدرآمد تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 جمعہ کے روز اسلام آباد میں ملک میں بجلی اور توانائی کے منصوبوں کے جائزے اور غور کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں صرف کم لاگت سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری پن بجلی کے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں آ گاہ کیا گیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ پن بجلی کے منصوبے کم لاگت سے بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ ہیں جن سے صارفین کو ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی موجودہ پیداوار کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے کیونکہ خوش قسمتی سے ملک میںشمسی توانائی کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔

شہبازشریف کو غیرموثر بجلی گھروں کی بندش کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جو زیادہ ایندھن خرچ کر کے کم بجلی پیدا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسے بجلی گھروں کی بندش سے ایندھن کی درآمدات پر خرچ ہونے والے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہو گی اور بجلی کی قیمت میں کمی آئے گی۔

انہوں نے ان تمام افسروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی جو بجلی کے شعبے میں ہونے والی اصلاحات کی راہ میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔