بلوچستان کے ضلع حب میں زائرین کو لے جانے والا ایک ٹرک کھائی میں گرنے سے سترہ افراد جاں بحق اور پچاس زخمی ہوگئے ہیں۔ٹرک ٹھٹھہ سے خضدار میں شاہ نورانی درگاہ جارہا تھا۔صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاہ نورانی درگاہ کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔صدر نے سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور مرحومین کے لئے دعا کی۔وزیراعظم نے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کی اور جاں بحق افراد کے لئے د عائے مغفرت کی اور سانحے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکنہ طبی علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج ٹھٹھہ کے گائوں قاسم جوکھیو میں سترہ افراد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وہ جاں بحق افراد کے ورثا اور بچوں سے ملے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے اہل خانہ کی مدد کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔