Friday, 26 April 2024, 01:17:38 pm
مالی خسارہ اکیس ارب تیس کروڑ ڈالر سے کم ہوکر انیس ارب بیس کروڑ ڈالر پرآگیا: مشیرتجارت
February 11, 2019

تجارت کے بارے میں وزیراعظم کےمشیرعبدالرزاق دائودنےکہاہےکہ ملکی معیشت کے بارے میں حکومت کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

پیر کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرنس آئل اور غیر ضروری خوردنی اشیا کی درآمد پر پابندی سے معیشت کو بھی فائدہ ہوا۔

عبدالرزاق داود نے کہا کہ گزشتہ سات ماہ میں برآمدات میں ڈالروں میں چار فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرنسی کی قدر میں کمی کے نتائج آئندہ پانچ ماہ کی برآمدات میں ظاہر ہوں گے ۔ مشیر تجارت نے امید ظاہر کی کہ اس سال برآمدات میں مزید اضافہ اور درآمدات میں مزید کمی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کو سیمنٹ کی برآمدات میں پچاس فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

مشیر تجارت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ رواں سال برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں مزید کمی ہوگی۔

رازق دائود نے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں برآمدات 13 ارب25کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہیں جبکہ پچھلے سال کے اسی عرصے کے دوران 34 ارب 26 کروڑ ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں اس سال درآمدات 32 ارب 54 کروڑ ڈالر رہیں اور اسی طرح تجارتی خسارہ 21 ارب 30 کروڑ ڈالر سے کم ہوکر 19 ارب 20 کروڑ ڈالر ہوگیا۔

رازق داود نے کہا کہ درآمدات کو کم سے کم کرنے کی پالیسی کے ثمرات حاصل ہورہے ہیں انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ پانچ ماہ کے دوران نتائج مزید حوصلہ افزا ثابت ہونگے۔

ایک سوال کے جواب میں مشیر نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ دبئی میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی سربراہ نے بیل آوٹ پیکیج کیلئے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی شرط رکھی ہے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سیکرٹری تجارت یونس ڈاگھا نے کہا کہ جنوری کے مہینے میں تجارتی توازن میں بھی بہتری ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ انرجی مکس میں قابل تجدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث فرنس آئل کی ضرورت میں کمی آئی ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.