Thursday, 26 December 2024, 11:31:47 pm
 
وزیراعظم کا قطرکے ساتھ تجارتی تعلقات کومزیدمضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ
December 10, 2024

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں قطر کے قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر برادر ممالک ہیں جن کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں۔

قطر کے امیر اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی متحرک اور دانشمندانہ قیادت میں قطر نے شاندار ترقی حاصل کی ہے۔

وزیر اعظم نے فٹ بال ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر قطر کو سراہا۔

وزیر اعظم نے پاکستانی نوجوان آئی ٹی ماہرین کی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں قطر کے مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کئی جامع پروگرام نافذ کر رہا ہے تاکہ ہنر مند آئی ٹی پیشہ ور افراد کو قطر بھیجا جا سکے جو ملک کے بہترین سفیر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔

محمدشہباز شریف نے قطر کے امیر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نمایاں طور پر مضبوط کرے گا۔

وزیر اعظم نے قطر کے قومی دن کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔