بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی قوانین کے مطابق بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا ہے۔
حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت معصوم بچوں سمیت بے گناہ پاکستانی شہریوں کے قتل عام کو چھپانے کے لیے دہشت گرد کیمپوں کا بے بنیاد دعوی کر رہا ہے۔
انہوںنے کہا کہ بھارت گزشتہ 77برس سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے اور اس نے اب تک آزادی کے مطالبے کی پاداش میں پانچ لاکھ کے قریب کشمیریوں کو شہید کیا ہے ۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کولاگو کریں۔
ادھر بھارتی جارحیت پر پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد آزاد جموںو کشمیر میں عوام پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔
دارلحکومت مظفرآباد میں گوجرہ بائی پاس سے نلوچھی چوک تک ایک ریلی نکالی گئی جس میں شرکانے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔