Saturday, 27 April 2024, 05:02:39 am
چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کیلئےغیرمتزلزل حمایت جاری رکھےگا،شی چن
October 09, 2019

 چین نے پاکستان کی خود مختاری، علاقائی یکجہتی اور ملک کے اہم قومی مفاد کے تمام امور پر اپنی غیر متزلزل حمایت کےعزم کااعادہ کیا ہے۔

 صدر Xi Jinping نے اس عزم کا اعادہ آج بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کیا۔

 چین کے صدر نے پاکستان کے سماجی و اقتصادی ترقی  اور عوام کی فلاح و بہبود پرمبنی ایجنڈے کو سراہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات چٹان کی طرح مضبوط اور مستحکم ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان یہ تعلقات مستقبل میں مزید گہرے اور وسیع ہوں گے۔

صدر Xi Jinping نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے تیزی سے مکمل کرنے پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ چین، قومی اورعلاقائی اقتصادی ترقی کے عمل میں مدد فراہم کرے گا۔

 انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں بھی پاکستان کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان ادارہ جاتی اور معاشی اصلاحات کے ذریعے پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

 دونوں رہنماوں نے خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں دوطرفہ ،علاقائی اور عالمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا مستقل اتحادی، مضبوط شراکت دار اور آہنی بھائی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے اہم قومی اہداف کے تحفظ کےلئے بھرپور انداز میں اس کے ساتھ کھڑا ہے اور اس نے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے اور قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کیاہے۔

عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں کی جلد تکمیل ان کی حکومت کی پہلی ترجیح ہے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری صدر شی جن پنگ کے ایک خطہ ایک سڑک کے انقلابی پروگرام کا اہم حصہ ہے جو پاکستان کی اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز کرنے اور علاقائی روابط اور خوشحالی کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کرے گی۔

 وزیراعظم نے تمام معاملات پر چین کے بنیادی مفادات کےلئے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ دو ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کے مسلسل محاصرے کے نتیجے میں مقبوضہ علاقے میں سنگین انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔

وزیراعظم نے کشمیریوں کے مصائب کے خاتمے کے لئے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو کے فوری خاتمے پرزور دیا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو لاحق خطرات سے بچایا جاسکے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.