مہنگائی کنٹرول کرنے، غیر قانونی تجارت روکنے، معیشت بہتر بنانے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں، مشیر خزانہ برائے اقتصادی و مالیاتی اصلاحات خرم شہزاد نے اہم پالیسی اقدامات اور اقتصادی پیش رفت پر روشنی ڈالی جن کا مقصد پاکستان کی معیشت کو تقویت دینا اور طویل مدتی استحکام
کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے مہنگائی میں کمی کو عوام کے لیے خوش آئند ریلیف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی باقاعدہ نگرانی کا نظام
شروع کیا ہے۔
اسمگلنگ کی روک تھام کا ذکر کرتے ہوئے وزیر خزانہ کے مشیر نے کہا کہ حکومت نے ملک بھر میں پیٹرول پمپوں کی وسیع ترجانچ کے ساتھ، پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے مضبوط اقدامات کیے ہیں۔
ریکارڈ ترسیلات زر پر روشنی ڈالتے ہوئے خرم شہزاد نے کہا کہ توقع ہے کہ آئندہ مالی سال میں ترسیلات زر 35 ارب ڈالر کی تاریخی سطح تک پہنچ جائیں گی، اب تک اوسطا 2 ارب90کروڑ ڈالر ماہانہ ہے۔
بچت کو آسان بنانے کے بارے میں، اقتصادی اور مالیاتی اصلاحات کے مشیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایک نیا پلیٹ فارم InvestPak شروع کرنے کے لیے تیار ہے، جس سے افراد اور کارپوریٹس کو سرکاری سیکیورٹیز میں براہ راست سرمایہ کاری کرنے کی اجازت ملے گی۔