Wednesday, 15 January 2025, 01:29:46 pm
 
حریت کانفرنس کو بھارتی جیلوں میں قید حریت رہنماؤں کی سلامتی کے حوالے سے تشویش
August 08, 2024

 بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی جیلوں اور تھانوں میں قید حریت رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں کی سلامتی کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی نظر بندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے طول دیا جا رہا ہے اور انہیں علاج معالجہ سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ ، یاسین ملک ، آسیہ اندرابی اور دیگر نظر بندرہنماؤں کے غیرمتزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ نظربند رہنماوں اور شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوںنے اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف سے مطالبہ کیا کہ وہ زیر حراست حریت رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں کی حالت زار کا جائزہ لینے کیلئے تحقیقاتی ٹیمیں مقبوضہ علاقے میں بھیجیں۔

ادھرضلع ریاسی میں ایک 25سالہ شہری تھانے میں پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔

شہری کی ہلاکت کے واقعے کے خلاف اسکے آبائی گاؤں میں رشتہ داروں نے شدید احتجاج کیا۔ انہوں نے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کی گرفتاری تک علاقے کی مرکزی شاہراہ بند کردی۔