وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے تحفظ فراہم کرنے والی قانون سازی، قومی دنوں کو ہمہ گیر طور پر منانے اور مساویانہ پالیسی فریم ورک کے ذریعے پاکستان کی مذہبی شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ آج( منگل) اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے اقلیتی امور کیلئے خصوصی نمائندے پروفیسر Nicolas Levrat سے گفتگو کر رہے تھے۔
اجلاس میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور محروم طبقات کیلئے قانونی اور ادارہ جاتی تحفظات کو مضبوط بنانے سے متعلق جاری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بات چیت کے دوران، وفاقی وزیر نے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق طریقہ کار میں پاکستان کی فعال شمولیت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سپیشل پروسیجرزعالمی انسانی حقوق کے ڈھانچے کا ایک کلیدی ستون ہیں۔
وفاقی وزیر نے آئینِ پاکستان میں مساوات اور عدم امتیاز کی ضمانتوں کی بنیاد پر عالمی انسانی حقوق کے ایجنڈے سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کیا۔
اپنے تاثرات میں پروفیسر Nicolas Levrat نے اقلیتوں اور وسیع تر انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کی پیش رفت کو سراہا اور اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے طریقہ کار سے پاکستان کی مسلسل وابستگی کو خوش آئند قرار دیا۔