بھارت میں طلبا اور نوجوانوں نے تعلیمی نظام کی خرابیوں اور مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کیا ہے۔
عالمی جریدے الجزیرہ کے مطابق، کاکروچ جنتا پارٹی کے زیر اہتمام نئی دہلی کے جنتر منتر میں ہونے والے احتجاج میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے تعلیمی نظام کی خامیوں اور امتحانی اسکینڈلز کے خلاف نعرے لگائے۔
احتجاج کے شرکا نے بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل پیپر لیکس اور تعلیمی بدانتظامی نے طلبا کے مستقبل کو متاثر کیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ امتحانی نظام میں بار بار سامنے آنے والی بے ضابطگیوں نے لاکھوں طلبا میں بے چینی اور غصے کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے تعلیمی اصلاحات اور شفاف امتحانی نظام کے قیام کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے کے دوران طلبا نے حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ موجودہ نظام نوجوان نسل کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق بھارت کو تعلیمی شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ طلبا کا اعتماد بحال کیا جا سکے۔