حکومت قومی گریجویشن حکمت عملی کے تحت ہرماہ 80 ہزار افراد میں بلاسود قرضے تقسیم کرے گی۔
یہ بات سماجی تحفظ اور غربت کے خاتمے کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ہفتے کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتائی ۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پاورٹی گریجویشن حکمت عملی کے اجراء کے موقع پر گزشتہ روز ملک بھر کے 82 ہزار افراد میں تین ارب روپے سے زائد مالیت کے بلاسود قرضے دئیے گئے ۔انہوں نے کہاکہ ان بلاسود قرضوں سے غریب افراد کی زندگیوں میں انقلاب آئے گا ۔
معاون خصوصی نے کہاکہ نیشنل پاورٹی گریجویشن حکمت عملی تقریبا 42 ارب 65 کروڑ روپے کا چار سالہ پروگرام ہے جس سے ایک کروڑ ساٹھ لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوںگے ۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے یقین دلایا کہ غربت کے خاتمے کے پروگرام پرمکمل شفافیت کے ساتھ عملدرآمد کیاجائے گا ۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے یہ بھی اعلان کیا کہ احساس پروگرام کے تحت ہرماہ نیا پروگرام شروع کیاجائے گا ۔
معاون خصوصی نے کہاکہ موجودہ حکومت کو معاشرے کے محروم طبقوں کا خیال ہے اوراس نے بے گھر افراد کیلئے پناہ گاہیں بھی قائم کی ہیں انہوں نے کہاکہ مشکل معاشی صورتحال کے باوجود غربت کے خاتمے کا بجٹ دگنا کیاگیاہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ اداروں میں اچھے نظم و نسق کے لئے تجاویز پر مبنی30 نکاتی مسودہ تیار ہے اوراسے جلد میڈیا کے سامنے لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو رواں ماہ کی15تاریخ کو احساس پروگرام کے متعلق بریفنگ دی جائے گی جس سے دنیا میں ملک کے تشخص کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔