Sunday, 28 April 2024, 01:04:21 am
صدر،وزیراعظم، مسلح افواج کے سربراہان کا کشمیریوں کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
February 05, 2024

صدر ڈاکٹر عارف علوی' نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور مسلح افواج کے سربراہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے کشمیریوں کی غیر متزلزل اخلاقی سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں۔صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد میں کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے نجات اور ان کے حق خودارادیت کی واضح حمایت کی گئی ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت نے کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر دنیا میں سب سے بڑی فوجی چھاؤنی والا علاقہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019ء کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد بھارت مقبوضہ علاقے کا سیاسی منظر نامہ اور آبادی کا مصنوعی تناسب تبدیل کرنے کی مذموم کوشش کررہا ہے۔ جس کا مقصد کشمیریوں کو ان کی اپنی سرزمین پر اقلیت میں بدلنا ہے۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری بھائیوں اور بہنوں نے گزشتہ چھہتر سال کے دوران جو قربانیاں دی ہیں یہ دن انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے زیراہتمام آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔

پاکستان کی مسلح افواج چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور افواج کے سربراہان نے کشمیری عوام کی پرعزم اور غیرمتزلزل جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے جو بھارتی افواج کے زیرتسلط قبضہ جموں و کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاؤن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مستقل مزاجی اور بہادری سے سامنا کر رہے ہیں۔

اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور کے نگران وزیر مرتضیٰ سولنگی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر تصفیہ طلب دیرینہ تنازعات میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا حتمی مقصد مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.