Thursday, 28 March 2024, 06:32:15 pm
بھارت تحریک آزادی کشمیر کودبانے کیلئے مختلف حربے استعمال کررہا ہے:کائرہ
February 05, 2023

وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان قمرزمان کائرہ نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیرحل کرانے کیلئے اپنا کردارادا کرے۔

آج (اتوار) اسلام آباد میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے ۔

کشمیریوں کی حمایت کے حوالے سے حکومت کا عزم دہراتے ہوئے قمرزمان کائرہ نے کہاکہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کشمیریوں کے حق خودارادیت کے منصفانہ مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہاہے لیکن وہ اپنے مذموم مقصد میں کامیاب نہیں ہوگا۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما غلام محمد صفی نے کشمیریوں کی تحریک آزادی کی حمایت کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔

اس سے قبل یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے دفترخارجہ سے پارلیمنٹ ہائوس تک ریلی نکالی گئی ۔

ریلی کی قیادت سیکرٹری خارجہ اسد مجید اور دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کی ۔

طلباء کی بڑی تعداد کشمیریوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلی میں شرکت کی ۔

شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر بھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف اور کشمیریوں کی حمایت میں نعرے درج تھے ۔

سیکرٹری خارجہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ہمیشہ شانہ بشانہ رہا اور رہے گا۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.