وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں تھری جی اور فور جی سروسز کی دستیابی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور علاقے میں سیاحت کے فروغ کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔وہ اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں گلگت بلتستان کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت میں مزید بہتری لانے کے امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے پر عزم ہے اور اس مقصد کیلئے پہلے ہی ایک تاریخی پیکج کی منظوری دی جا چکی ہے۔وزیر اعظم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت ،سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ گلگت میں مواصلاتی سہولتوں کی بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔