Wednesday, 08 May 2024, 12:52:20 am
وزیراعظم کا چین کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کااعادہ
July 01, 2021

وزیراعظم عمران خان نے سیاست ، معیشت اورتجارت کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔انہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں چین کے صحافیوں کو ایک انٹرویو میں واضح طورپر کہا کہ اگر پاکستان پر چین کے ساتھ تعلقات کی نوعیت میں تبدیلی یا انھیں خراب کرنے کیلئے دبائو ڈالا گیا توایسا ہرگز نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ چین اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوںمیںپیشرفت کی نگرانی اوررکاوٹیں دور کرنے کیلئے اعلی سطح کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔عمران خان نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات انتہائی گہرے ہیں اور یہ محض حکومتوں کی نہیں بلکہ عوام کی سطح پر بھی نہایت دوستانہ ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو جب بھی سیاسی یا عالمی سطح پر مشکلات یا ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات کاسامنا کرنا پڑا تو چین نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان ستر سال پر محیط انتہائی خصوصی دوستانہ تعلقات ہیں اور کوئی بھی چیز آزمودہ تعلقات کو تبدیل نہیں کرسکتی ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کو امید ہے کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت زیر تعمیر خصوصی اقتصادی زونز میں چینی صنعتیں لگائی جائیں گی ۔ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہاکہ ہم کورونا وائرس ویکسین کی فراہمی پر بھی چین کے شکر گزار ہیں جس سے ہمیں یہ مسئلہ بہتر انداز میں حل کرنے میں مدد ملی ۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان سنکیانگ کی صورتحال کے بارے میں چینی موقف کو تسلیم کرتا ہے ۔کشمیر سے متعلق انہوں نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو اجاگر نہیں کررہے ۔عمران خان نے کہاکہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں موجود ہیں جن میں کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کیاگیا ہے ۔افغانستان سے متعلق وزیراعظم نے کہاکہ افغانستان میں خانہ جنگی سے خطے پر سنگین نتائج مرتب ہوںگے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.