Thursday, 31 October 2024, 03:13:58 am
 
سعودی عرب کا پاکستان میں مزید60 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
October 30, 2024

سعودی عرب نے حال ہی میں پاکستان میں دو ارب بیس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدیوںمیں اضافہ کرتے ہوئے اس میں مزید ساٹھ کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان  بدھ کے روز ریاض میں وزیراعظم شہبازشریف اور سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی جانب سے ایک مشترکہ پریس بیان میں کیاگیا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے ملکر کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ فریقین منصوبے کے نظام الاوقات پرکام کریںگے  انہوں نے امیدظاہر کی کہ سعودی ولی عہد کی قیادت میں دونوں ممالک ناصرف پاکستان اور سعودی عرب کے عوام بلکہ پوری امت مسلمہ کے فائدے کیلئے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کریںگے ۔

وزیراعظم نے آئی ایم ایف پروگرام کے حصول میں سعودی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اطمینان ظاہرکیا کہ چند ہفتے پہلے جن مفاہمت کی یاداشتوں پردستخط کیئے گئے تھے اب وہ عملدرآمد کے مرحلے میں ہیں ۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ پاکستان کے ان کے حالیہ دورے میں دونوں ممالک نے دو ارب بیس کروڑ ڈالر کی مفاہمت کی ستائیس یاداشتوں پر دستخط کیئے تھے۔

انہوں نے کہاکہ یہ تعداد اب بڑھ کر چونتیس ہوگئی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ان معاہدوں کی مالیت بھی دو ارب اسی کروڑ ڈالرہوگئی ہے  ۔

سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہاکہ مفاہمت کی پانچ یادداشتوں پر کام شروع ہوچکا ہے۔