Thursday, 25 April 2024, 10:23:34 pm
ملک کوبحران سے نکالنے کیلئےفریقین میں وسیع مکالمہ ضروری ہے،وزیرداخلہ
March 30, 2023

وزیر داخلہ  رانا ثنا اللہ نے ملک کودر پیش کثیر جہتی بحرانوں سے نکالنے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی جماعتوں ، اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام فریقوں کے درمیان وسیع تر مکالمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

آج اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ وسیع تر مکالمہ میثاق معیشت، میثاق جمہوریت اور میثاق امن کے بارے میں متفقہ ایجنڈے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگا۔

 وزیر داخلہ نےکہا اس سے ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی درجہ حرارت میں کمی لانے اور عام آدمی کی مشکلات کو حل کرنے میں بھی مددملے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت عظمیٰ کے چیف جسٹس اور دوسرے ججوں کی رائے کا احترام  کرتی ہے تاہم اگر مذاکرات مخصوص مقصد کےلئے ہونے ہیں تو ان کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ایک سوال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشت گردی قابو سے باہر ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا ہوگا،ہماری مسلح افواج مکمل طور پر اہل اور صلاحیت کی حامل ہیں اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر روزانہ دہشت گردوں کےخلاف کارروائیاں کررہی ہیں۔

 رانا ثنا اللہ نے کہاکہ ان تمام کارروائیوں اور اقدامات کے باوجود دہشت گردی کے خطرات ابھی بھی موجود ہیں لیکن اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے تمام متعلقہ ادارے تعاون سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

 ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کی انا اور ضد مذاکرات کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے تباہ کی گئی معیشت کو بہتر بنانے پر سب سے پہلے بات ہونی چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں انتخابات کے انعقاد سے ملک میں صرف انتشار اور بگاڑ پیدا ہوگا جوکہ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کا بنیادی ایجنڈا ہے۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.