Saturday, 27 July 2024, 12:34:36 pm
بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کارروائیوں میں متعدد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا
November 27, 2023

بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھارتی فوج نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران کئی نوجوانوں کو من گھڑت الزامات پرگرفتار کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ کارروائیاں سرینگر، بارہ مولہ، کپواڑہ، اسلام آباد، شوپیاں، کلگام، راجوری، پونچھ اور کشتواڑ کے اضلاع میں کی گئیں۔

ادھر سینکڑوں کشمیریوں نے جن میں بیشتر کسان، تاجر اور ٹرانسپورٹرز تھے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی معیشت کو نشانہ بنانے کیلئے بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف سرینگر میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کشمیری تاجروں، ٹرانسپورٹروں اور کسانوں کے خلاف پالیسیاں وضع کرنے پر قابض حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے پورے مقبوضہ جموں و کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں مظلوم کشمیریوں پر جنگ مسلط کرنے کے لیے بھارت اپنی فوج اور پولیس کو استعمال کر رہا ہے۔دوسری جانب کشمیری سول سوسائٹی کے ارکان نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت کی غیر سنجیدگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سرینگر میں ایک اجلا س میں کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کو اپنی ایک کالونی سمجھ رہا ہے اور کشمیریوں کو ان کے تمام بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔