Tuesday, 24 November 2026, 06:47:20 pm
 
پنجاب کی ہر تحصیل میں 2 اسکولز آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب
November 24, 2026

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے صوبے کی ہر تحصیل میں دو اسکولز آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں۔

وہ آج راولپنڈی میں طلبہ میں لیپ ٹاپ اور وظائف تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان ایئرکنڈیشنڈ اسکولوں میں کمپیوٹر اور سائنس لیبارٹریوں سمیت جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ طلبہ میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کا عمل آئندہ ہفتے شروع ہو جائے گا۔

صوبائی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب منصوبے کی کامیابی کے بعد حکومت ہزاروں ٹن ٹھوس فضلے کو توانائی میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب بھر میں گیارہ سو گرین بسیں چل رہی ہیں، جن میں خواتین اور طلبہ مفت سفر کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ آئندہ ڈیڑھ سال میں پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں کینسر ہسپتال فعال ہو جائیں گے۔