پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج کراچی میں ایک تقریب کے دوران سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح کیا، جس کے تحت ابتدائی طور پر صوبے بھر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس پروگرام کے تحت سندھ کے تمام تیس اضلاع سے پندرہ سے انتیس سال کی عمر کے رجسٹرڈ نوجوان ڈیجیٹل بنکاری، تعلیمی وظائف، تکنیکی تربیت اور روزگار کے مواقع کے ساتھ ایک سو اسی سے زائد کاروباری مراکز میں خصوصی رعایت حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یوتھ کارڈ کو ایک انقلابی قدم قرار دیا اور صوبے بھر میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے سندھ حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو مختلف سہولیات اور مواقع تک رسائی فراہم کرے گا۔ انہوں نے زراعت کے شعبے میں صوبائی حکومت کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔
بلاول بھٹو نے جاری علاقائی بحرانوں کے تناظر میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔