وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت عالمی اجلاسوں کے انعقاد سے اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتا۔
منگل کے روز آزاد کشمیر کے شہر باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا مودی کے ڈرامے کو دیکھ رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ہر عالمی فورم اور عالمی رہنمائوں سے ملاقاتوں کے موقع پر بھارت کی قابض افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ اٹھاتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا وہ بطور وزیر خارجہ نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی بھی نمائندگی کررہے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دینے میں مضمر ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھارتی غلامی سے نجات حاصل کرلیں گے۔انہوں نے ان تمام اقوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے گروپ بیس کے اجلاس میں شرکت سے گریز کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی آخری سانس تک کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔انہوں نے جلسہ عام میں شرکت پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔