Friday, 13 September 2024, 07:57:45 am
 
اقوام متحدہ کی پاکستانی امن دستوں کی کوششوں کی تعریف
February 23, 2024

فائل فوٹو

اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں کے سربراہ JEAN PIERRE LACROIX نے بدامنی والے علاقوں میں امن واستحکام برقراررکھنے کیلئے پاکستانی امن دستوں کی کوششوں کی تعریف کی ہے ۔

انہوں نے ABYEI سوڈان کیلئے اقوام متحدہ کی عبوری سیکورٹی فوج میں خدمات انجام دینے والے پاکستانی امن دستوں سے گفتگو میں کہاکہ امن کا قیام تمام قوموں کی مشترکہ خواہش ہے ۔

JEAN PIERRE LACROIX نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور جانیں قربان کرنے والے پاکستانی فوجیوں کی یادمیں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی ۔

پاکستانی امن دستوں کے یونٹ کمانڈر نے مہمانوں کو علاقے میں امن واستحکام یقینی بنانے کیلئے پاکستانی بٹالین کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔

انھیں ملحقہ علاقوں میں پاکستانی بٹالین میں شامل خواتین کی خدمات اور کردار کے بارے میں بھی بتایاگیا جس میں علاج معالجے کی خدمات کے علاوہ قیام امن کی ذمہ داریاں بھی شامل ہیں۔

JEAN PIERRE LACROIX نے لاہور کے قریب واہگہ سرحد کے اپنے حالیہ دورے کا ذکرکیا جس میں انھیں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کی خاطر پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیاگیا اور کرتارپورراہداری کے قیام کا حوالہ دیاگیا ۔

خصوصی نمائندے نے کرتار پور راہداری کا بذات خود دورہ کرنے میں گہری دلچسپی ظاہرکی۔

دنیابھر میں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں اب تک ایک سو اکیاسی پاکستانی فوجی اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں۔