Saturday, 27 July 2024, 07:45:17 am
وزیراعظم کا ملک کو مستحکم اور خوشحال بنانے کیلئے ٹھوس کوششوں پر زور
February 22, 2024

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک کو مستحکم، خوشحال اوراقوام عالم میں منفرد مقام حاصل کرنے کیلئے ٹھوس کوششوں پر زوردیا ہے۔

انہوں نے آج اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپنے اختتامی کلمات میں کہا پاکستان اور اس کے شہری آگے بڑھنے کی شاندار صلاحیت رکھتے ہیں۔

ملک کے ثقافتی ورثے اور تہذیب کاحوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ملک کو ایک منفرد شناخت حاصل ہے ۔وزیراعظم نے پی ایم آفس کے عملے کی طرف سے ملنے والی حوصلہ افزائی اور تعاون ، خصوصاً ملٹری سیکرٹری ، پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری کابینہ کے تعاون کو سراہا ۔

وفاقی کابینہ نے مختلف محکموں کی تنظیم نو، غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لئے نگران حکومت کے اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا۔کابینہ نے دفاع کے شعبے میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کے فروغ کے لئے کوششوں کے اعتراف میں بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کو ترک فوج کےلیجن آف میرٹ ایوارڈ کی وصولی کی منظوری دی۔اجلاس میں قومی تحفظ خوراک کی وزارت اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ کے درمیان کھجور اور زراعت میں جدت سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔معاہدے کے تحت پاکستان میں پہلا کھجور میلہ رواں سال ستمبر میں ہو گا جس کا مقصد کھجور کی پیداوار کو فروغ دینا ہے۔