Friday, 29 March 2024, 01:26:19 am
کوئٹہ میں نیا ہاؤسنگ سکیم کا افتتاح،بلوچستان میں ایک لاکھ10ہزار گھر تعمیر کئے جائیں گے
April 21, 2019

 وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پچاس لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ خصوصاً تنخواہ دار افراد اور کم آمدنی والے گروپوں کے خواب شرمندہ تعبیرکرے گا جو اپنا گھر خود تعمیر نہیں کرسکتے۔انہوں نے یہ بات آج کوئٹہ میں نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی ضرورت ہونے کے باوجود رئیل سٹیٹ کی قیمتیں بہت زیادہ بلند ہونے کی وجہ سے اپنا گھر بنانا اور بھی مشکل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن سیاسی رہنمائوں نے گزشتہ دہائی میں ملک کو لوٹا اور ملک پر بہت زیادہ قرضے کا بوجھ ڈالا انہیں انصاف کے کٹہرے میں لا کر نشان عبرت بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اور آصف زرداری جیل جانے کے خوف سے حکومت گرانا چاہتے ہیں کیونکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے حقائق سامنے آ رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کم آمدنی والے گروپ کو گھر کیلئے قرضہ لینے کی سہولت کی فراہمی کیلئے قانون سازی کررہی ہے کیونکہ پاکستان میں صرف اعشاریہ دو فیصد لوگ گھر کیلئے قرضہ لیتے ہیں جبکہ یورپ میں اسی سے نوے فیصد ، ملائیشیا میں تیس فیصد اور بھارت میں دس فیصد لوگ اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔انہوں نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ غیر ملکی کمپنیاں ہائوسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں جس سے مزید چالیس دیگر صنعتوں میں تیزی آئے گی اور اس کے ساتھ ساتھ روز گار کے مواقع پیدا ہوں گے۔اس سے قبل وزیراعظم نے کوئٹہ اور گوادر میں ماہی گیروں کیلئے چون ہزار گھروں سمیت مجموعی طور پر ایک لاکھ دس ہزار گھروں کی تعمیر کی تختیوں کی بھی نقاب کشائی کی۔انہوں نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ وہ کوئٹہ کا ماسٹر پلان تیار کریں اور شہر کے پھیلائو کی حوصلہ شکنی کیلئے بلند وبالا عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت دیں۔وزیراعظم نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریاست مدینہ کے اصولوں کا مطالعہ کریں جس نے اس وقت رقبے اور وسائل کے لحاظ سے چھوٹی ہونے کے باوجود دو بڑی عالمی طاقتوں کو شکست دی۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.