Friday, 03 January 2025, 02:13:46 am
 
اردو زبان کے شاعر ، ادبی کالم نویس ، عالمی شہرت کے حامل نقادمشفق خواجہ کی برسی
February 21, 2024

آج اردو زبان کے شاعر ، ادبی کالم نویس ، عالمی شہرت کے حامل نقاد اور ایک بلند پایہ محقق مشفق خواجہ (1935 تا 2005 ) کی انیسویں برسی ہے ۔

مشفق خواجہ کا اصل نام خواجہ عبدالحی تھا اور آپ لاہور میں پیدا ہوئے ۔ کراچی یونیورسٹی سے ایم۔ اے اردو پاس کرنے کے بعد 'انجمن ترقی اردو' سے وابستہ ہوگئے اور سولہ سال انجمن میں علمی و ادارتی شعبہ کے نگرا ن رہے ۔

'انجمن ترقی اردو' سے وابستگی نے مشفق خواجہ کی شخصیت کو جلا بخشی اور انہوں نے انجمن کے پلیٹ فارم سے تن تنہا کئی اہم تحقیقی کارنامے انجام دیئے ۔

1980 کی دہائی میں مشفق خواجہ نے 'خامہ بگوش' کے قلمی نام سے ادبی کالم نگاری کا آغاز کیا جس نے پورے برصغیر میں دھوم مچادی ۔مشفق خواجہ تمام عمر خالصتا ٹھوس علمی اور تحقیقی تصنیف و تالیف میں مشغول رہتے تھے۔

ان کی مشہور تصانیف و ٠تالیفات میں 'تذکرہ خوش معرکہ زیبا' ، 'غالب اور صفیر بلگرامی' ، 'جائزہ مخطوطاتِ اردو' ، 'خامہ بگوش کے قلم سے' ، 'سخن در سخن' ، 'سخن ہائے نا گفتنی' 'سخن ہائے گسترانہ'، 'ابیات (شعری مجموعہ)' اور 'کلیاتِ یگانہ' شامل ہیں ۔

مشفق خواجہ نے ریڈیو پاکستان کے لیے مختلف موضوعات پر تقریبا فیچر بھی لکھے ۔ مشفق خواجہ کی علمی وادبی خدمات کے اعتراف میں 1988 میں ان کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی' سے بھی نوازا گیا ۔

مشفق خواجہ 21 فروری 2005 کو کراچی میں وفات پاگئے ۔ وہ کراچی میں سوسائٹی کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں ۔