غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے آج(منگل کو) شہدائے گاؤکدل کو ان کے 35ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
بھارتی فوجیوں نے 1990میں آج ہی کے دن سرینگر کے علاقے گا ؤکدل میں پرامن مظاہرین پراندھا دھند فائرنگ کرکے 50سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید اورسینکڑوں کو زخمی کردیا تھا۔مظاہرین ایک رات پہلے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں علاقے کی کئی خواتین کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سانحے کوتاریخ کشمیر کا سیاہ ترین باب قراردیاہے۔ سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہاکہ سانحہ گائوکدل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کا سوچاسمجھا منصوبہ تھا۔لوگ سری نگر میں شہداء کے مزار پر اکٹھے ہوئے اور فاتحہ خوانی کی۔
ادھر بھارتی فوج نے سوپور میں مسلسل تیسر ے دن بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔
دوسری طرف مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر پابندیں مزید سخت کر دی گئیں ہیں۔
جموں' سرینگر اور دیگر حساس اضلاع میں گاڑیوں کی تلاشی اورفوجی گشت کے ساتھ سخت پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔