آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے گلگت بلتستان ہنگامی امدادی ادارے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے رواں موسمِ برسات کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران چیئرمین نے ضلعی سطح پر تیاریوں، قبل از وقت اطلاعی نظام، امداد اور بچاؤ کی صلاحیتوں، لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی کے منصوبوں اور خطرناک وادیوں میں سیلاب، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، مٹی کے تودے گرنے اور دریاؤں میں طغیانی جیسے خطرات سے نمٹنے کا جائزہ لیا۔
انعام حیدر ملک نے گلگت بلتستان ہنگامی امدادی ادارے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ آفات سے نمٹنے کا قومی ادارہ موسمیاتی اور آبی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل معاونت جاری رکھے گا۔