سکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے پانچ خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خارجی دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتہ چلنے پر ان کی دراندازی کی کوشش کو کامیابی سے ناکام بنا دیا۔
پاکستان افغان عبوری حکومت سے سرحد کے دونوں اطراف موثر سرحدی انتظام یقینی بنانے کا مسلسل مطالبہ کررہا ہے۔
افغان عبوری حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنے فرائض پورے کرے گی اور خارجی دہشت گردوں کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لئے افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر کاربند ہے۔