وزیراعظم عمران خان نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک تقریب میں آزادجموں و کشمیر کیلئے صحت سہولت پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے علاقے میں بارہ لاکھ خاندانوں کو صحت انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے گی اور وہ پورے پاکستان میں ساڑھے تین سو مراکز صحت سے علاج کروا سکیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے خیبرپختونخوا سے اس منصوبے کا آغاز کیا ہے جہاں پر تقریباً ہر خاندان کو اس سہولت کی فراہمی کے عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔پنجاب میں 60 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈ فراہم کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت اس سال کے آخر تک پوری آبادی کو اس سہولت کی فراہمی کو سخت کوششیں کر رہی ہے۔عمران خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں اس پروگرام کے آغاز سے کنٹرول لائن کی دوسری طرف یہ پیغام بھیجا گیا ہے کہ ہمیں اپنی عوام کی صحت کا خیال ہے جبکہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں فسطائی اور ظالم حکومت کشمیریوں کے حقوق کو غصب کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی پابندیوں کے باوجود حکومت نے اس عالمگیر نوعیت کے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ریاست مدینہ کے اصولوں کے عین مطابق ہے۔وزیراعظم نے پاکستان کو بانی پاکستان کے ویژن کے مطابق فلاحی ریاست میں تبدیل کے عزم کا اعادہ کیا۔