وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اسلام کے حقیقی پیغام کا پرچارکرنے کے اپنے عزم پر مضبوطی سے کاربند ہے جو محبت، امن اور رواداری کا سبق دیتا ہے۔اسلام مخالف پروپیگنڈے سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی رہنماؤںسے اپنے اس مطالبے کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اسلام مخالف رجحان کے خلاف آگہی پیدا کریں۔وزیراعظم نے قرآن پاک کی بے حرمتی، مساجد پر حملوں اور مسلمانوں کے خلاف مذہبی عدم برداشت کے دیگر واقعات کو روکنے پر بھی زور دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں توہین مذہب یا مقدس مقامات کی بے حرمتی کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس کا تحفظ ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہی نہیںبلکہ ایک مقدس امانت بھی ہے جسے ہم مکمل ایمان کے ساتھ سربلند رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقوام متحدہ میں اس اہم معاملے کی قیادت کرنے پر انتہائی فخر ہے اور وہ بعض رکن ممالک کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی آواز کو دبانے کیخلاف کئے گئے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے۔