قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسزکی تعریف کی ہے۔
اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے حوالدار محمد زاہد اور سپاہی آفتاب علی شاہ کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
وزیراعظم اور قائم مقام صدر نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیں ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔