Monday, 14 October 2024, 09:46:42 am
 
مرزا اسد اللہ خان غالب کی برسی
February 15, 2024

آج اردو کے صاحبِ طرز شاعر مرزا اسد اللہ خان غالب کی 155 ویں برسی ہے ۔ مرزا غالب 27 دسمبر 1797 کو آگرہ میں پیدا ہوئے ۔ عہدِ طفلی ہی میں آپ اپنے والد عبداللہ بیگ کے سایہ سے محروم ہوگئے اور بھائی بھی نہ رہے۔

پرورش کی ذمہ داری ان کے چچا مرزا نصر اللہ بیگ نے اٹھا لی ، لیکن آپ آٹھ سال کے تھے کہ چچا بھی فوت ہو گئے۔ یوں بچپن محرومیوں اور مشکلات میں کٹ گیا ۔مرزا غالب کی کم عمری میں شادی نواب الہی بخش کی بیٹی سے ہوگئی ۔ جس سے مالی تنگدستی مزید بڑھ گئی اور آپ نے آگرہ چھوڑ کر دلی قلعہ میں ملازمت کرلی جہاں بہادر شاہ ظفر نے آپکو 'نجم الدولہ دبیر الملک نظام جنگ' کا خطاب عطا کیا اور خاندانِ تیموری کی تاریخ لکھنے پر مامور کر دیا اور 50 روپے ماہوار وظیفہ مقرر کردیا ۔ غدر کے بعد مرزا غالب والی رام پور کے دربار سے وابستہ ہوگئے جہاں سے آخر عمر تک وظیفہ ملتا رہا ۔غالب شروع میں فارسی میں شاعری کرتے تھے اور اس زمانے میں 'اسد' ان کا تخلص تھا تاہم آگرہ سے دہلی آبسنے کے بعد انہوں نے اردو میں بھی شاعری کی ۔ غالب کی شاعری 'دیوانِ غالب' اور ان کے نثری نمونے ' کلیات مکتوبات ِ فارسی' کی شکل میں شائع ہوچکے ہیں ۔ مرزا غالب 15 فروری 1869 کو دہلی میں جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔