Thursday, 02 May 2024, 03:05:40 am
قومی اسمبلی، حکومت نے ملک میں صنعتی زونز کے قیام پر کام تیز کر دیا
November 14, 2019

 قومی اسمبلی کو آج  بتایا گیا کہ ماہی گیری کے شعبے کی ترقی کے لئے متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے گہرے سمندر میں ماہی گیری سے متعلق پالیسی تیار کی گئی ہے۔

سمندری امور کے بارے میں پارلیمانی سیکرٹری جمیل احمد خان نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ پالیسی منظوری کےلئے جلد کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کے شعبے کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

 پارلیمانی سیکرٹری نے بتایا کہ اس وقت ملک کی ماہی پروری کے شعبے کی درآمدات چالیس کروڑ ڈالر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ا ہدف اس شعبے کی حقیقی استعداد کار کو بروئے کار لانا اور اس کی برآمدات تین ارب ڈالر تک بڑھاناہے۔

جمیل احمد خان نے ایوان کو بتایا کہ پاکستان کی سینکڑوں ٹن مچھلیاں ہمسایہ ملکوں کو سمگل کی جارہی ہیں ، انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ گزشتہ حکومت نے اس معاملے پر کوئی توجہ نہیں دی، تاہم موجودہ حکومت سمگلنگ کی روک تھام کےلئے طریق کار وضع کررہی ہے۔

ریلوے کے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا کہ رحیم یار خان میں تیزگام ٹرین کے المناک حادثے کی تحقیقا ت کا حکم دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی تفصیلات ایوان سے پیش کی جائیں گی۔

 پارلیمانی سیکرٹری نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری  منصوبے کے تحت ایم ایل ون کو جدید بنایا جائے گا جس کےبعد مین لائن پر مسافر ٹرینوں کی رفتار ایک سوساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ تک بڑھ جائے گی۔

 فرخ حبیب نے کہاکہ پاکستان ریلوے نے گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے کے دوران بائیس نئی مسافر ٹرینیں شروع کی ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی آمدنی میں اضافہ جبکہ اس کے خسارے میں کمی آئی ہے۔

ٹیکسٹائل کے بارے میں پارلیمانی سیکرٹری عالیہ حمزہ ملک نے ایوان کو بتایا کہ حکومت نے ملک میں صنعتی زونز کے قیام پر کام کی رفتار تیز کردی ہے۔

 ہاوسنگ کے وزیر طارق بشیر چیمہ نے ایوان کو بتایا کہ نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت مکانات کی تعمیر کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ارب روپے کے بلاسود قرضے مختص کئے گئے ہیں جنہیں کم لاگت مکانات کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ  ان ہاوسنگ سکیموں سے سرکاری ملازمین استفادہ کرسکیں گے۔

 وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نےکہاکہ پاکستان ریلوے کو مسافر ٹرینوں سے چار ارب روپے کا منافع ہوا ہے۔

مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری نے ایوان کو بتایا کہ سعودی عرب نے دو سال کےعرصے میں ایک  سے زائد عمرے کرنے والے پاکستانیوں پر عائد دوہزار ریال کی فیس ختم کردی ہے۔

 خوراک کے پارلیمانی سیکرٹری محمد امیر سلطان نے کہا کہ کراچی میں ٹڈی دل کے خاتمے کےلئے فضائی سپرے کئے گئے ہیں۔ سپیکر نے وفاقی حکومت کو کراچی میں ٹڈی دل پر قابو پانے کےلئے سندھ حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی ہدایت کی۔

قومی اسمبلی میں دو بل  بھی پیش کئے گئے ہیں۔

 ان بلوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نجی قرضوں پر شرح سود کے خاتمے کابل دوہزار انیس اور منشیات  کی تیاری میں استعمال ہونے والے مواد کی روک تھام کا ترمیمی بل دوہزار انیس شامل ہیں۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.