Thursday, 02 May 2024, 02:24:20 am
حزب اختلاف حکومت کےساتھ مل بیٹھ کرعوام کےمسائل حل کرے:معاون خصوصی اطلاعات
November 14, 2019

اطلاعات و نشریات کےبارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے حزب اختلاف سے کہا ہے کہ وہ حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر عوام کو در پیش مسائل حل کرے۔

آج اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ فعال ہے اور حزب اختلاف کو عوام کی سہولت کےلئے قوانین کی منظوری میں حکومت سے تعاون کرنا چاہیے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے ملک کو درست راستے پر گامزن کردیا ہے اور معیشت  مستحکم ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام ان عناصر کاساتھ نہیں دیں گے جو  ملک میں عد م استحکام پیدا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

معاو ن خصوصی نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا پلان بی بھی ان کے احتجاجی دھرنے کے پلان اے کی طر ح ناکام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں ۔

 معاون خصوصی نے پاکستان مسلم لیگ نون سے کہا کہ وہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی دی گئی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

 انہوں نے کہاکہ حکومت نے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں علاج کےلئے ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے ضمانتی بانڈ کی شکل میں صرف ضمانت مانگی ہے جو ایک قانونی تقاضا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کو اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے وہ ضمانتی بانڈ جمع کرائے اور نوازشریف کو علاج کےلئے بیرون ملک لے جائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے اپنی ٹیم کو بھی نوازشریف کی صحت پر سیاست نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.