Wednesday, 12 March 2025, 09:18:07 am
 
پاکستان،ترکیہ کا دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کےعزم کا اعادہ
February 14, 2025

پاکستان اور ترکیہ نے تجارت، معیشت، توانائی، دفاع، سیاحت اور عوامی روابط سمیت دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید بہتر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اس عزم کا اظہار اسلام آباد میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات کے دوران کیا گیا۔

دونوں رہنمائوں نے معاشی تعاون کیلئے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے وسیع امکانات پر زوردیتے ہوئے تعلقات میں اضافے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری دوست ماحول موجود ہے۔

انہوں نے حصص بازار اور معیشت کے دیگر اہم شعبوں میں ترکیہ کی کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان ترکیہ کے درمیان روابط اور فضائی رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں علاقائی و بین الاقوامی مسائل خاص طور پر غزہ و شام کے حوالے سے گفتگو کی گئی اور علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

آصف علی زرداری نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی اصولی حمایت پر صدر طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا۔