پاکستا ن اورترکیہ نے اپنے تجارتی حجم کو پانچ ارب ڈالر کے ہدف تک لے جانے کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس عزم کا اظہار وزیراعظم شہبازشریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان جمعرات کے روز پاک ترکیہ اعلیٰ سطح کی سٹرٹیجک تعاون کونسل کے اجلاس کے موقع پر اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔
بعد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ترکیہ نے سیلاب اور زلزلوں سمیت ہر مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمدردی اور فراخ دلی کا جذبہ اس لازوال شراکت داری کا رہنماء اصول ہے انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارہ اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری اور تذویراتی اور دفاعی تعاون سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار کیلئے ترک کمپنیوں کے ذریعے قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زون کی تعمیر کے اعلان سمیت آج دستخط ہونے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کو مشترکہ تعاون کے ذریعے حقیقت کا روپ دیا جائیگا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرنے اور بڑے منصوبوں کی تعمیر کیلئے ترک سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی صنعتی میں ہماری فوجی بات چیت اور تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
ترکیہ کے صدر نے آج دستخط کئے گئے چوبیس معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ یہ معاہدے دونوں ممالک اور خطے کیلئے فائدہ مند ثابت ہونگے۔
رجب طیب اردوان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کو سراہا۔