آج (جمعرات کو )ریڈیو کاعالمی دن منایا گیا جس کامقصد لوگوں کو تعلیم دینے ، معلومات سے آگاہی اورتفریح فراہم کرنے کے حوالے سے اس ذریعے کی اہمیت اُجاگرکرناہے۔
اس سال دن کاموضوع ''ریڈیو اور ماحولیاتی تبدیلی ہے'' تاکہ اس مسئلے کا احاطہ کرنے کے لئے ریڈیو اسٹیشنزکی معاونت کی جاسکے۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ریڈیو نے عوام میں شعور اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور اس کے اثرات سے نمٹنے کے بارے میں رائے عامہ کی تشکیل میں ریڈیو کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
اُدھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں فنون لطیفہ، موسیقی، تفریح، تھیٹر، اور ثقافتی ورثے کے فروغ میں ریڈیو پاکستان کی خدمات کو سراہا۔
سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں ریڈیو پاکستان کو عوام کو درست معلومات فراہم کرنے کا موثر ذریعہ قرار دیا۔
وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے اس موقع پراپنے پیغام میں قدرتی آفات اور اہم قومی مسائل سے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے میں ریڈیو پاکستان کے نمایا ں کردار کو سراہا۔
پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے بھی اپنے پیغام میں عزم ظاہر کیا کہ ریڈیو پاکستان عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔