Wednesday, 12 March 2025, 09:20:43 am
 
وزیراعظم کی ترکیہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
February 13, 2025

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے ۔

انہوں نے آج (جمعرات )اسلام آباد میں پاک ترکیہ کاروباری فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری اور حکومت کی سطح پر تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تمام کوششوں میں تعاون کرے گی انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان ملک میں سرمایہ کاری کرنے پرترکیہ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرے گا ۔

شہبازشریف نے کہاکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی آواز غزہ ، فلسطین اورکشمیر کے مظلوم عوام سمیت پوری امت مسلمہ کی آواز ہے ۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے بالخصوص ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں ترقی اور مشترکہ تجارتی روابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زوردیا ۔

انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ترکیہ آنے کی بھی دعوت دی ۔

ترکیہ کے صدر نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت مستحکم ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال تجارتی حجم میں تقریباً تیس فیصد تک کا اضافہ ہوا جو اب ایک ارب چالیس کروڑ ڈالر ہے۔

انہوں نے امیدظاہر کی کہ موجودہ تجارتی معاہدے کی مدت میں توسیع سے تجارتی حجم میں متوازن اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنی وسیع آبادی ، زرخیز زرعی زمین اور بین الاقوامی تجارتی راستوں پر اسٹرٹیجک محل وقوع کی بدولت مستقبل میں بڑی معیشت کا ملک بننے کی دوڑ میں شامل ہے ۔

ترکیہ کے صدر نے کہاکہ ترکیہ کی پچاس سے زائد سرکاری اورنجی کمپنیاں پاکستان میں کام کررہی ہیں۔

صدراردوان نے ترکیہ میں دوہزار تئیس کے زلزلے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے تعاون، دعاؤں اور یکجہتی کو سراہا ۔

انہوں نے ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کی حمایت کا عزم بھی ظاہرکیا۔