صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیونکہ وہ کل کے خواب دیکھنے والے اور قائد ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ حکومت کا فرض ہے کہ وہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو پورا کرنے اور ایک خوشحال اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے درکار مواقع اور وسائل فراہم کرے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومتی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور صدر انہیں ہمارے نوجوانوں کے کارناموں پر فخر ہے۔ انہوں نے ہر پاکستانی نوجوان پر زور دیا کہ وہ اپنے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں، بڑے خواب دیکھیں اور ملک کی بہتری کے لیے انتھک محنت کریں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا ساٹھ فیصدتناسب تیس سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ تعلیم ' کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے نوجوانوں کو معاشرے میں مثبت تبدیلی
کا ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دو ہزار تیرہ میں نوجوانوں کے لئے قرضوں اور زرعی سکیم کو متعارف کرایا گیا تھا جس کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اوراب تک دو لاکھ اسی ہزار نوجوان تاجروں کو تقریباً ایک
سو چھیاسی ارب روپے کے قرضے دئیے جاچکے ہیں۔
شہبازشریف نے کہا کہ حکومت ان اقدامات کو توسیع دینے کی خواہاں ہے اور رواں سال ملک بھر کے تین لاکھ کاروباری نوجوانوں کے لئے اضافی ایک سو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔آج نوجوانوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
اس سال اس دن کا موضوع ہے ''ڈیجیٹل شعبے میں نوجوانوں کی صلاحیتیں پائیدار ترقی کا اہم ذریعہ''