صدرآصف علی زرداری اور ایران کے ان کے ہم منصب سید ابراہیمی رئیسی نے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور عیدالفطر کے موقع پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔بات چیت کے دوران صدر آصف علی زرداری نے دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے میں جاںبحق ہونے والوں کے سوگوارخاندانوں اور ایرانی قیادت سے دلی تعزیت کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔صدر نے انسانی بحران اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے نسل کشی کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے ایرانی ہم منصب کو یقین دلایا کہ پاکستان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔انہوں نے دونوں ملکوں کو درپیش سکیورٹی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے معلومات کا تبادلہ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے ایرانی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔صدر نے ایرانی صدر اور ان کے اہل خانہ کی صحت و تندرستی اور خوشیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔