Wednesday, 15 January 2025, 03:18:27 pm
 
بی آئی ایس پی کا مستحقین کو رقوم فراہمی کیلئے نئے بینکای نظام کے نفاذ کا اعلان
August 11, 2024

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین کو رقوم کی فراہمی کا طریقہ کار بہتر بنانے کیلئے نئے بینکاری نظام کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے اتوار کے روز مردان کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم کرنے اور مستحقین کو موثر طریقے سے رقوم کی فراہمی یقینی بنانے کے عمل میں چھ بنکوں کی خدمات شامل ہیں۔

روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت کو عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت بین الاقوامی اداروں نے تسلیم کیا ہے جس کے تحت تقریباً ترانوے لاکھ مستحق خاندان مستفید ہور ہے ہیں۔

انہوں نے خواتین کو ہدایت کی کہ وہ 8171 سے پیغام موصول ہونے کے بعد ہی رقم حاصل کرنے کیلئے بی آئی ایس پی کے دفاتر میں آئیں۔

ادھر سینیٹر روبینہ خالد نے مردان کے نواحی علاقے GULLI باغ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستحق خواتین اور ان کے خاندان کے افراد کیلئے ہنر مندی کا منفرد پروگرام ''بے نظیر ہنر پروگرام'' شروع کیا جا رہا ہے تاکہ ان خاندانوں کی غربت کو کم کیا جا سکے۔