Saturday, 27 July 2024, 04:44:24 am
عیدالفطر کی پرمسرت تقریبات کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری
April 11, 2024

آج دوسر ے دن بھی عید الفطر کی خوشیاں منائی جارہی ہیں۔ملک بھر میں عوام اپنے عزیز و اقارب اور سیرو تفریح کے مقامات پر جارہے ہیں اور اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی تقریبات اور یادگار لمحات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواںشہروں میں لوگ بڑی تعدا د میں لیک ویو پارک، پاکستان مونومنٹ، ایف نائن پارک ، روز اینڈ جسمین گارڈن، ایوب نیشنل پارک اور دیگر پارکس میں جارہے ہیں۔لاہورمیں سڑکوں پر بے پناہ رش ہے اور عوام مینار پاکستان، گلشن اقبال اور دیگر سیرو تفریح کے مقامات پر جارہے ہیں۔ لاہور کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور اس مقصد کے لئے ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو1122 نے بھی ہنگامی امداد کی تیاری کر رکھی ہے۔ادھر مری میں عید الفطر کے موقع پر جامع حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مری کے ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی نے ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مری میں قائم سہولت مرکز سیاحوں کو موسم کی صورتحال اور ضروری معلومات فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان سہولت مراکز پر سیاحوں کو مکمل رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔

کراچی میں عید کی چھٹیاں منانے کے لئے لوگوں نے اپنے خاندانوں اور دوستوں کے ہمراہ ساحل سمندر کا رخ کیا ہے۔ سندھ حکومت نے لوگوں کی مدد اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے تمام عوامی مقامات پر جامع حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔خیبرپختونخوا کا گورنر ہاؤس مسلسل عید کے دوسرے روز عوام کے لئے کھلا رہا۔ گورنر حاجی غلام علی بھی لوگوں میں گھل مل گئے۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے سوات، کالام، بحرین، ناران، کاغان، گلیات اور جھیل سیف الملوک جیسے خوبصورت سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کیا۔اسی طرح بلوچستان بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد زیارت پہنچی اور قائداعظم محمد علی جناح کی رہائشگاہ زیارت ریذیڈنسی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے۔