Wednesday, 12 March 2025, 05:41:21 am
 
پیپلزپارٹی کی قیادت نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کوسراہا
March 11, 2025

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاق،صوبوں اورتمام سیاسی جماعتوں پرزوردیا ہے کہ ملک کے بہتر مستقبل کے لئے مل کرکام کریں۔

وہ اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں دیئے گئے افطارڈنرسے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے چاروں صوبوں میں عوامی توقعات پرپورا اترنے اور حکومت کے ساتھ تعاون کرکے عام آدمی کامعیار زندگی بہتربنانے میں مؤثراورمتحرک کردارادا کرنے پر پیپلزپارٹی کی قیادت کی تعریف کی۔

ملاقات کے دوران وفد کے شرکاء نے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کوحالیہ معاشی استحکام لانے والی اقتصادی پالیسیوں کے نفاذ کے لئے ان کی انتھک کوششوں پرخراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کے ہراس اقدام کی مکمل حمایت کریگی جو ملک کی ترقی، معاشی استحکام اورعام آدمی کی زندگی بہتربنانے کے لئے اٹھایاجائے گا۔

پیپلزپارٹی کے وفد نے ملکی ترقی کے لئے وزیراعظم کے ساتھ بھرپورتعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔