Sunday, 19 January 2025, 10:29:34 am
 
پی آئی اے نے یورپ کیلئے فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کردیا
January 10, 2025

پی آئی اے نے آج(جمعہ) اسلام آباد میں انٹر نیشنل ائیر پورٹ سے پیرس کے لئے پہلی پرواز کے ساتھ یورپ کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کردیا ہے۔

یورپی یونین کی جانب سے قومی ائیر لائن پر چار سال کی پابندی ختم ہونے پر یہ پروازیں بحال کی گئی ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بتدریج قومی پرچم بردار جہاز پورے یورپ میں کام کرے گا۔

انہوں نے پی آئی اے کے ماضی کے وقار کو بحال کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ نیشنل فلیگ کیر ئیر ہمارا فخر اور شناخت ہے۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ پی آئی اے کی برطانیہ اور امریکہ کے لئے پروازیں بھی شروع ہوں گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کی جائے گی اور اس کے بیڑے کو بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے اپنی مارکیٹ پر دوبارہ تسلط قائم کرے گی۔